بنگلورو7؍جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی بجٹ پر مختلف حلقوں سے کی جانے والی نکتہ چینی کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ بجٹ پر وہ لوگ انگلی اٹھارہے ہیں جن کو یہ پتہ نہیں کہ بجٹ کیا ہے۔
آج سابق وزیراعظم بابو جگ جیون رام کی برسی کے سلسلے میں ودھان سودھا کے احاطے میں ان کی تصویر پر پھول چڑھانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے ساحلی علاقوں کے اراکین اسمبلی کی طرف سے اس علاقے کے بجٹ میں کٹوتی کے خلاف احتجاجی دھرنا دئے جانے کے بارے میں ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ بجٹ اب بھی برقرار ہے۔ کل انہوں نے جو بجٹ ایوان میں پیش کیا وہ اسی بجٹ کا سلسلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سدرامیا نے بجٹ میں ماہی گیروں کے لئے 150کروڑ روپے مختص کئے ہیں جو ہر حال میں مہیا کرائے جائیں گے۔اسی طرح شمالی کرناٹک کے ساتھ بجٹ میں ناانصافی کے الزام کو بھی وزیر اعلیٰ نے مسترد کیا اور کہاکہ شمالی کرناٹک کو سدرامیا کے بجٹ میں جو کچھ مختص کیاگیا ہے وہ تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ الزام بھی بے بنیاد ہے کہ ان کا بجٹ صرف تین چار اضلاع تک محدود ہے، اس طرح کی نکتہ چینی کرنے والوں کی سمجھ میں نہیں آرہاہے کہ بجٹ کسے کہتے ہیں اور جن لوگوں کی سمجھ میں نہ آئے ان کو کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔
کمار سوامی نے کہاکہ فی الوقت لیجسلیچر اجلاس جاری ہے بجٹ پر اس میں جتنی چاہے بحث کی جائے وہ اس کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ، ریاستی وزیر پریانک کھرگے ، میئر سمپت راج ، رکن اسمبلی بائرتی بسوراج ، ایس ٹی سوم شیکھر اور دیگر موجود تھے۔